ای ڈی نے ریاستی حکومت کے وزیر جیوتی پریہ ملک کے سالٹ لیک واقع گھر پر مارا چھاپہ
کولکاتا، 26 اکتوبر (ہ س)۔ راشن کی تقسیم میں بدعنوانی کے معاملے میں وزیر جنگلات اور سابق وزیر خوراک جیوتی پریہ ملک کا نام سامنے آیا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے اہلکاروں نے جمعرات کو علی الصبح سالٹ لیک میں وزیر کے گھر پر چھاپہ مارا۔
ای ڈی ذرائع کے مطابق جیوتی پریہ کا نام راشن بدعنوانی معاملے میں بکیب الرحمن کی گرفتاری کے بعد سامنے آیا تھا۔ ای ڈی جمعرات کی صبح سے سالٹ لیک کے بی سی بلاک کے ساتھ دو گھروں (بی سی 244 اور بی سی 245) میں تلاشی آپریشن کر رہی ہے۔
جیوتی پریہ کے گھر کے علاوہ ای ڈی جمعرات کی صبح تقریباً 6.30 بجے ناگیر بازار میں وزیر کے معاون امت کے فلیٹ پر بھی پہنچی۔ ای ڈی ناگیر بازار میں واقع دو فلیٹوں پر گئی ہے۔ ایک فلیٹ بھگوتی پارک کے علاقے میں ہے اور دوسرا فلیٹ سوامی وویکانند روڈ میں ہے۔ ذرائع کے مطابق امت دونوں فلیٹوں میں باری باری رہتے ہیں۔ تاہم دونوں فلیٹس کو تالے لگے ہوئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تالے توڑنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
ای ڈی حکام نے صبح سے آٹھ مقامات پر تلاشی مہم چلائی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ جیوتی پریہ ملک مغربی بنگال کی وزیر خوراک رہ چکے ہیں۔ الزام ہے کہ راشن تقسیم بدعنوانی کیس میں گرفتار بکیب الرحمان ان کے قریبی ہیں اور ان کی سرپرستی میں راشن کی تقسیم میں بدعنوانی ہوئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
