جموں ،14 نومبر (ہ س)۔
مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ کے کرگل ضلع کی آرین ویلی کے بچوں نے دہرادون کے دورے کے دوران ہندوستانی فوج میں افسر بننے کی تحریک حاصل کی۔ لداخ کے طلباء کی ایک ٹیم نے دہرادون میں انڈین ملٹری اکیڈمی اور راشٹریہ انڈین ملٹری کالج کا دورہ کیا تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ نوجوان فوج میں افسر بننے کے لیے کس طرح تیار ہوتے ہیں۔دہرادون کے دورے کے دوران لداخی طلباء نے دون اسکول کا دورہ کرنے کے ساتھ مسوری اور کیمپٹی فالس کی خوبصورتی بھی دیکھی۔ بچوں کا یہ گروپ پیر کو دہرادون پہنچا تھا۔ اس دوران انہیں راج بھون میں گورنر اور ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل گرمیت سنگھ سے ملنے کا موقع بھی ملا۔
اس دوران لداخ کے بچوں نے گورنر کو فوج کے بھارت درشن ابھیان کے تجربات سے آگاہ کیا۔ گورنر نے لداخ کے بچوں سے ان کے علاقے میں ہونے والی ترقی کے بارے میں بھی معلومات لیں۔ لداخ کی وادی آرین کے علاقے ہنو کے یہ طلباء لداخ سے باہر آنے والے پہلے طالب علم ہیں۔ایسے میں سترہ روزہ بھارت درشن مہم کے دوران لداخی بچوں کا یہ گروپ کشمیر، جموں، پنجاب اور دہلی کے راستے دہرادون پہنچا ہے۔ دہرادون پہنچنے سے پہلے طلبہ کے اس گروپ نے دہلی میں دو دن گزارے اور ملک کی نئی پارلیمنٹ سمیت کئی دیگر اہم مقامات کا دورہ کیا۔
اس سے قبل جموں و کشمیر میں بھی اس ٹیم نے لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا سے ملاقات کی اور جموں میں جموں و کشمیر لائٹ انفنٹری رجمنٹل سنٹر اور آئی آئی ٹی کا دورہ کیا۔ لداخ کے کرگل ضلع کے طلباء کے اس گروپ کو یکم نومبر کو آپریشن ڈویژن میں آرمی کے فاریور کے جی او سی نے جھنڈی دکھا کرروانہ کیا تھا۔دو اساتذہ کے ساتھ نکلنے والے گروپ میں 16 لڑکے اور9 لڑکیاں شامل تھیں۔ یہ مہم نوجوانوں کو ملک میں ہونے والی ترقی کے بارے میں معلومات فراہم کرنے اور قومی اتحاد اور قوم کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالنے کے پیغام کو عام کرنے کے لیے چلائی جا رہی ہے۔
اصغر/ہندوستھان سماچار/محمد
