جموں ،21 اکتوبر (ہ س)،جموں میونسپل کارپوریشن دیوالی کے تہوار سے قبل اپنے تمام 75 وارڈوں کو روشن کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے اور میئر راجندر شرما نے متعلقہ افسران کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اس سلسلے میں اقدامات شروع کر دئیے ہیں ۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے میئر نے جے ایم سی، ای ای ایس ایل اور جے کے پی ڈی سی ایل کے افسران کو سختی سے ہدایت دی کہ دیوالی سے قبل پورے جموں میں مناسب روشنی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ تمام خراب شدہ اسٹریٹ لائٹس، ہائی ماسٹ لائٹس اور روشنی کے دیگر کاموں کو کم سے کم وقت میں مکمل کروائیں اور جہاں اب تک ٹھیک نہیں کی گئی ہیں وہاں لائٹیں لگائیں تاکہ جموں کے لوگ روشنیوں کے تہوار کا بھرپور لطف اندوز ہو سکیں۔میئر نے بتایا کہ ای ای ایس ایل کی 40 ٹیمیں جے ایم سی کی 20 ٹیموں کے ساتھ قریبی کوآرڈینیشن میں کام کریں گی تاکہ ان کی ہدایات کے تحت کم سے کم وقت میں شہر کو روشن کیا جا سکے تاکہ اس سلسلے میں باقیات اور دیگر کوتاہیوں کو دور کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ای ای ایس ایل، جے ایم سی اور جے کے پی ڈی سی ایل کے درمیان سہ فریقی معاہدہ ہے جس کے تحت جے کے پی ڈی سی ایل نے بجلی کے کھمبوں کو کھڑا کرنے کے ساتھ فیز وائر بچھایا تھا جبکہ ای ای ایس ایل کو ان کھمبوں پر لائٹس لگانی تھیں۔راجندر شرما نے کہا کہ سال 2018 سے اب تک ہم نے شہر میں 93,000 اسٹریٹ لائٹس لگائی ہیں ۔ صرف پچھلے ایک سال میں شہر کے چھوڑے ہوئے علاقوں میں 30,000 اسٹریٹ لائٹس لگائی گئی ہیں۔
اصغر/ہندوستھان سماچار
/سلام
