بنگال میں کورونا سے متاثرہ شخص کی موت
کولکاتا، 29 دسمبر (ہ س)۔ مغربی بنگال میں نو ماہ سے زائد عرصے کے بعد کورونا سے متاثرہ ایک مریض کی موت ہو گئی ہے۔ ہیلتھ افسر نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ مریض کورونا وائرس کے انفیکشن کے علاوہ کئی دیگر بیماریوں میں بھی مبتلا تھا۔ افسر نے بتایا، ’’اس شخص کو کولکاتا کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ جمعرات کو دل کا دورہ پڑنے سے ان کا انتقال ہوگیا۔‘‘
ریاست میں آخری مرتبہ کورونا سے کسی شخص کی موت 26 مارچ کو درج کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزارت صحت کی ہدایات کے مطابق ریاستی محکمہ صحت کے نمائندے نے مرنے والے شخص کے لعاب کے نمونے لیکر جانچ کے لیے بھیجا ہے۔ ریاست میں زیر علاج کورونا انفیکشن کے کل کیسز کی تعداد 11 ہے، جب کہ تین افراد کو انفیکشن سے صحت یاب ہونے کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پورے ملک میں ایک بار پھر کورونا انفیکشن کے معاملات تیزی سے بڑھنے لگے ہیں۔ اس وقت ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 17 ہزار سے زائد ہے۔ سب سے زیادہ خراب صورتحال کیرالہ اور کرناٹک میں ہے جہاں مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور لوگوں کی موت بھی ہورہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
