آئی جی پی جموں زون کی سانبہ کے پولیس افسران کو منشیات کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایت
جموں، 18 اکتوبر (ہ س)۔ جموں زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس آنند جین نے ضلع سانبہ میں افسران کو منشیات کے اسمگلروں اور سپلائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ آنند جین جموں زون کے پولیس سربراہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سانبہ کے اپنے پہلے دورے پر تھے۔ اُنہوں نے ضلع میں حفاظتی اقدامات، جرائم کے گراف اور عوامی شکایات کے ازالے کا جائزہ لیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ آئی جی پی نے جرائم کے جائزہ اجلاس کی صدارت بھی کی اور حکام کو ہدایت جاری کی کہ وہ تمام اسمگلروں اور منشیات کے سپلائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ضلع سے ہیروئن کی بقایا لعنت کا جلد از جلد صفایا کریں۔ ترجمان نے کہا کہ سب ڈویژنل پولیس افسران، اسٹیشن ہاؤس آفیسرز اور پولیس چوکیوں کے انچارجز کو ہدایت کی گئی کہ وہ منشیات کے کیسز کی مکمل تحقیقات کریں اور اسمگلروں کے آگے اور پیچھے روابط کا پتہ لگائیں تاکہ کوئی سازشی یا نارکو کرائم کا ارتکاب کرنے والا بچ نہ سکے۔ انہوں نے پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ عوام دوست رویہ اپنائیں اور دیانتداری اور لگن سے عوام کی خدمت کریں۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
