نئی دہلی، 22 اکتوبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر داخلہ امت شاہ کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کے نظام اور کوآپریٹو سیکٹر کو مضبوط بنانے میں ان کا تعاون قابل ستائش ہے۔ انہوں نے ایک بہترین منتظم کے طور پر اپنی شناخت بنائی ہے۔
وزیر اعظم نے ٹویٹر پر کہا کہ وہ ہندوستان کی ترقی اور غریبوں کے لیے بہتر معیار زندگی کو یقینی بنانے کے لیے پرجوش ہیں۔ انہوں نے ہندوستان کے سیکورٹی اپریٹس کو بڑھانے اور کوآپریٹو سیکٹر کو مزید ترقی دینے میں اہم شراکت کرکے اپنے آپ کو ایک بہترین منتظم کے طور پر ممتاز کیا ہے۔ بی جے پی کو مضبوط کرنے میں ان کا کردار قابل ستائش ہے۔ اشورانہیں لمبی زندگی اور بہترین صحت سے نوازے ۔
قابل ذکر ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق صدر اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی پیدائش 22 اکتوبر 1964 کو ممبئی کے ایک گجراتی گھرانے میں ہوئی تھی۔ ان کے دادا بڑودہ ریاست کی ایک چھوٹی ریاست گائکواڑکی مانسا کے نگر سیٹھ تھے۔ امت شاہ کی عوامی زندگی 1980 میں 16 سال کی عمر میں سنگھ کے ترون سویم سیوک کے طور پر شروع ہوئی۔ اس دوران وہ اکھل بھارتیہ ودیارتھی میں بھی شامل ہو گئے۔ سال 1989 میں امیت شاہ بی جے پی کے احمد آباد سٹی سکریٹری بنے۔ نوے کی دہائی میں گجرات میں بی جے پی تیزی سے عروج پر تھی۔ نریندر مودی بی جے پی گجرات کے تنظیمی سکریٹری تھے۔ تنظیمی کام کے دوران ہی امت شاہ نریندر مودی کے رابطے میں آئے۔ 2002 میں، بی جے پی نے گجرات اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی اور امت شاہ حکومت میں وزیر بن گئے۔ وہ 2010 تک حکومت گجرات میں اہم محکموں کے وزیر رہے۔
ہندوستھان سماچار
