نئی دہلی، 2 دسمبر (ہ س)۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ہفتہ کو دہلی ایکسائز گھوٹالہ معاملے میں راوس ایونیو کی عدالت میں ایک ضمنی چارج شیٹ داخل کی۔ سپلیمنٹری چارج شیٹ میں عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا ممبر سنجے سنگھ کو ملزم بنایا گیا ہے۔ ای ڈی نے خصوصی جج ایم کے ناگپال کی عدالت میں سپلیمنٹری چارج شیٹ داخل کی۔
سنجے سنگھ اس وقت عدالتی حراست میں ہیں۔ ای ڈی نے ان پر اپنے ساتھیوں کے ذریعے سرکاری گواہ بننے والے دنیش اروڑہ سے 2 کروڑ روپے کی رشوت لینے کا الزام عائد کیا ہے۔ ای ڈی کے مطابق 2 کروڑ روپے کا لین دین دو قسطوں میں ہوا تھا۔ یہ لین دین سنجے سنگھ کے گھر پر ہوا۔ اس کی تصدیق دنیش اروڑہ نے کی۔ ای ڈی کے مطابق سرویش کو سنجے سنگھ کے گھر پر رقم دی گئی تھی جو سنجے سنگھ کا ملازم ہے۔ دنیش اروڑہ نے اس کی تصدیق کی ہے۔ ای ڈی نے سنجے سنگھ کو ان کی سرکاری رہائش گاہ پر پوچھ گچھ کے بعد 04 اکتوبر کو گرفتار کیا تھا۔
سنجے سنگھ نے راوس ایونیو کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی ہے۔ راوس ایونیو کورٹ نے ضمانت کی درخواست پر ای ڈی کو نوٹس جاری کیا ہے۔ دہلی حکومت کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا بھی اس معاملے میں ملزم ہیں اور وہ عدالتی حراست میں ہیں۔
ہندوستھان سماچار
