ای ڈی نے این سی کے صدر فاروق عبداللہ کو منی لانڈرنگ کیس میں طلب کیا
جموں، 11 جنوری (ہ س)۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ کو منی لانڈرنگ کیس میں پوچھ گچھ کے لیے آج طلب کیا ہے۔ قیاس لگایا جا رہا ہے کہ 86 سالہ سیاستدان کو وفاقی ایجنسی کی جانب سے جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے سلسلے میں بلایا گیا ہے۔
سری نگر لوک سبھا سیٹ کے رکن پارلیمنٹ کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے 2022 میں اس معاملے میں چارج شیٹ کیا تھا۔ یہ کیس جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے فنڈز کو غیر متعلقہ فریقوں کے مختلف ذاتی بینک کھاتوں میں منتقل کرنے سے متعلق ہے۔ ایجنسی کا مقدمہ ملزم کے خلاف سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی طرف سے دائر 2018 کی چارج شیٹ پر مبنی ہے۔ سمن میں جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عبداللہ سے کہا گیا ہے کہ وہ سری نگر میں ای ڈی کے دفتر میں حاضر ہوں۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
