

اترکاشی ٹنل میں ڈرلنگ مکمل، آخری پائپ ڈالا جا رہا ہے، چند گھنٹوں میں ریسکیو متوقع
اترکاشی، 23 نومبر (ہ س)۔ سلکیارا ٹنل میں پھنسے مزدوروں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جنگی بنیادوں پر جاری ہے۔ ریسکیو ٹیم کو گزشتہ بدھ کو ہی کامیابی مل گئی تھی لیکن آخری پائپ ایسکیپ ٹنل کے آگے تقریباً تین فٹ کا تھوڑا حصہ ہلکا مڑگیا تھا، اسے کاٹنے کی کوششیں جاری ہیں۔ اس کے بعد صحیح ایلائنمنٹ کی بنیاد پر 800 ملی میٹر پائپ کو دھکا دیکر آگے بڑھانا ہوگا۔
سرنگ سے مزدوروں کو نکالنے کے بعد ضلع انتظامیہ نے تمام ضروری تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ٹنل کے باہر بڑی تعداد میں ایمبولینسیں بھی موجود ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ میڈیکل ٹیم اور دیگر امدادی عملے کو تعینات کیا گیا ہے۔
اتراکھنڈ کے اترکاشی کی سلکیارا ٹنل میں 12 دن سے پھنسے 41 مزدوروں کے جلد باہر نکلنے کی امید ہے۔ امریکی اوجر مشین نے سرنگ کے داخلی مقام سے پورے 60 میٹر تک سوراخ کیا ہے۔ سرنگ کے اندر آخری 800 ملی میٹر (تقریباً 32 انچ) پائپ ڈالا جا رہا ہے۔
معلومات کے مطابق چنوک ہیلی کاپٹر چنیالیسور ہوائی اڈے پر اترے گا۔ مزدوروں کو ہوائی جہاز میں لے جانے کی ضرورت پڑنے پر اس کا استعمال کیا جائے گا۔ دوسری طرف رشی کیش میں واقع ایمس اسپتال کو بھی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔
این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، پولیس اور ریسکیو آپریشن میں مصروف دیگر پیرا میڈیکل ٹیمیں شدید سردی میں رات بھر محاذ پر کھڑی رہیں۔ شدید سردی کے درمیان ریسکیو ٹیم آگ کے سہارے رہی۔ اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی بدھ سے اترکاشی میں ڈیرا ڈالے ہوئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کا قافلہ، جو آئی ٹی بی پی گیسٹ ہاؤس میں ٹھہرا ہوا ہے، تیار ہے اور وہ کسی بھی وقت اترکاشی جا سکتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
