ای ڈی کی ٹیم پھر سے ترنمول لیڈر شیخ شاہجہاں کے گھر چھاپہ مارنے پہنچی
کولکاتا، 24 جنوری (ہ س)۔ سنٹرل انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے افسران کی ایک ٹیم ایک بار پھر صبح سویرے شمالی 24 پرگنہ کے سندیش کھلی میں ترنمول کانگریس لیڈر شیخ شاہجہاں کے گھر پہنچی۔ بدھ کی صبح بڑی تعداد میں مرکزی نیم فوجی دستوں کے مسلح جوانوں کی حفاظت میں ای ڈی کے افسران دوبارہ چھاپہ مارنے کے لیے پہنچے ہیں۔ اسی مہینے کی 5 تاریخ کو اسی طرح کے ایک چھاپے کے دوران شاہجہاں کے ہزاروں حامیوں نے ای ڈی کے اہلکاروں پر حملہ کردیا تھا، جس میں تین افراد زخمی ہوگئے تھے اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔ 20 دن بعد ای ڈی کی ٹیم ایک بار پھر چھاپہ مارنے گئی ہے۔ تلاشی کے لیے ضلع پولیس کو پہلے ہی مطلع کر دیا گیا ہے۔
ای ڈی ذرائع کے مطابق بدھ کی صبح سات لوگوں کی ٹیم 25 گاڑیوں میں 125 سے زیادہ سینٹرل فورس کے اہلکاروں کے ساتھ شاہجہاں کے گھر پہنچی۔ اس بار ای ڈی اپنا ویڈیو گرافر لے کر آئی ہے۔ تلاشی کے پورے عمل کی ویڈیو گرافی کی جائے گی۔ ضلع پولیس کو ای ڈی نے پہلے ہی اطلاع دی تھی۔ جب ای ڈی شاہجہاں کے گھر پہنچی تو پولیس سے سرچ وارنٹ دیکھنا چاہا اور اسے دکھانے کے بعد پولیس نے تعاون کا یقین دلایا۔
حالانکہ اس بار بھی ای ڈی حکام کو شاہجہاں کے گھر میں داخل ہونے میں کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ وہ مقفل تھا۔ بار بار آوازلگانے پر گھر کے اندر سے ایک شخص باہر نکلا۔ جب اس سے چابی مانگی گئی تو اس نے کہا کہ اس کے پاس نہیں ہے۔ اس کے بعد ای ڈی تالا توڑنے کے لیے دو چابیاں لے کر آئی تھی۔ دو گواہوں کی موجودگی میں تالا کھول کر سرچ آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ خبر لکھے جانے تک کسی تنازعہ کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔
