ممبئی ۔
ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے رواں مالی سال 2025-2024 کے لیے اپنی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 7 فیصد رہنے کا اندازہ لگایا ہے ۔ جو یکم اپریل سے شروع ہوا، تاہم یہ مالی سال 2023-2024 کے لیے اقتصادی ترقی کے 7.6 فیصد کے تخمینہ سے کم ہے۔
آر بی آئی کے گورنر شکتی کانت داس نے جمعہ کو یہاں رواں مالی سال 2025-2024 کے لیے پہلی دو ماہی مانیٹری پالیسی کمیٹی (MPC) کے جائزہ اجلاس کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے یہ معلومات دی۔ داس نے کہا کہ مالی سال 2025-2024 میں ملک کی جی ڈی پی کی حقیقی شرح نمو سات فیصد رہنے کا اندازہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مالی سال 2025-2024 کی جون سہ ماہی میں اقتصادی ترقی کی شرح سات فیصد اور ستمبر کی سہ ماہی میں 6.9 فیصد رہنے کا اندازہ ہے۔ تاہم، داس نے کہا کہ موجودہ مالی سال 2025-2024 کی تیسری اور چوتھی سہ ماہی میں معیشت کی سات فیصد کی شرح سے ترقی کی توقع ہے۔
آر بی آئی کے گورنر نے کہا کہ چونکہ دیہی مانگ بڑھ رہی ہے، مینوفیکچرنگ سیکٹر میں مسلسل ترقی کو نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ اس کے ساتھ انہوں نے کہا کہ جیو پولیٹیکل تناؤ اور عالمی تجارتی راستوں میں رکاوٹ کی وجہ سے کچھ مسائل ہو سکتے ہیں۔
فروری کے مہینے میں مالی سال 2023-2024 کی آخری مانیٹری پالیسی جائزہ میٹنگ میں، آر بی آئی نے یکم اپریل سے شروع ہونے والے مالی سال 2025-2024 کے لیے جی ڈی پی کی شرح نمو سات فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا تھا۔ غور طلب ہے کہ اس ہفتے کے شروع میں 1 اپریل کو وزیر اعظم نریندر مودی نے آر بی آئی کے 90 ویں یوم تاسیس کے موقع پر کہا تھا کہ ریزرو بینک کو ترقی کو ‘اولین ترجیح’ دیتے ہوئے اعتماد اور استحکام پر توجہ دینی چاہیے۔
