۔تلنگانہ اور کرناٹک میں عوامی جلسہ، تمل ناڈو میں شام کا روڈ شو
نئی دہلی، 18 مارچ ۔ ملک میں لوک سبھا انتخابات کا بگل بجنے کے ساتھ ہی تمام سیاسی جماعتوں کے سرکردہ لیڈر انتخابی مہم میں کود پڑے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد کے سرکردہ رہنما وزیر اعظم نریندر مودی نے مضبوط اکثریت حاصل کرنے کے لیے اپنے دورے تیز کر دیے ہیں۔ آج وہ تین ریاستوں تلنگانہ، کرناٹک اور تمل ناڈو کے دورے پر ہوں گے۔ وزیر اعظم مودی کے آج کے پروگرام کی تفصیلات بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اپنے ایکس ہینڈل پر شیئر کی ہیں۔
بی جے پی کے ایکس ہینڈل پوسٹ کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی سب سے پہلے آج صبح 11:30 بجے جگتیال، تلنگانہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ اس کے بعد وہ کرناٹک جائیں گے۔ وہاں وہ دو پہر 3:15 بجے شیموگا میں ایک ریلی سے خطاب کریں گے۔ بالآخر وہ تمل ناڈو پہنچیں گے۔ شام 5:45 بجے کوئمبٹور میں روڈ شو میں شرکت کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ 14 مارچ کو کوئمبٹور بی جے پی کے ضلع صدر جے رمیش کمار نے روڈ شو کے لیے پولیس سے اجازت مانگی تھی۔ 15 مارچ کی صبح امن و امان کے خدشات اور امتحان کے انعقاد کا حوالہ دیتے ہوئے اجازت دینے سے انکار کر دیا گیا۔ تب جے رمیش کمار نے مدراس ہائی کورٹ کا رخ کیا۔ ہائی کورٹ نے تمل ناڈو پولیس کو ہدایت دی کہ وہ کچھ شرائط کے ساتھ وزیر اعظم مودی کے روڈ شو کو منظوری فراہم کرے۔
