نئی دہلی، 19 اکتوبر ۔ دہلی ایکسائز گھوٹالے کے سی بی آئی سے متعلق معاملے میں دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا جمعرات کو راوس ایونیو کورٹ میں پیش ہوئے۔ آج عدالت کو بتایا گیا کہ سپریم کورٹ نے سسودیا کی ضمانت عرضی پر اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا ہے جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 22 نومبر تک ملتوی کر دی۔
عدالت نے 20 ستمبر کوسی بی آئی کو چارج شیٹ سے متعلق دستاویزات سسودیا کو فراہم کرنے کی ہدایت دی تھی۔ 22 اگست کو عدالت نے سسودیا کو ایم ایل اے فنڈ سے ترقیاتی کاموں کے لیے رقم جاری کرنے کی اجازت دی تھی۔ 25 اپریل کو سی بی آئی نے دہلی میں اس معاملے میں ضمنی چارج شیٹ داخل کی تھی۔ سسودیا کے علاوہ سی بی آئی نے سپلیمنٹری چارج شیٹ میں بوچی بابو، ارجن پانڈے اور امندیپ ڈھل کو ملزم نامزد کیا ہے۔ بوچی بابو، تلنگانہ کے وزیر اعلی کے سی راو کی بیٹی کے کویتا سی اے رہ چکے ہیں۔ سسودیا کو سی بی آئی نے 26 فروری کو گرفتار کیا تھا۔
سی بی آئی نے 25 نومبر 2022 کو پہلی چارج شیٹ داخل کی تھی۔ عدالت نے پہلی چارج شیٹ کا 15 دسمبر 2022 کو نوٹس لیاتھا۔ عدالت نے ملزمان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 120بی اور انسداد بدعنوانی ایکٹ کی دفعہ 7، 7 اے اور 8 کے تحت الزامات طے کیے تھے۔ عدالت نے پہلی چارج شیٹ کا نوٹس لیا ہے جس میں کلدیپ سنگھ، نریندر سنگھ، وجے نائر، ابھیشیک بوئن پلی، ارون رام چندر پلئی، متھو گوتم اور سمیر مہندرو شامل ہیں۔
