ممبئی، 8 فروری ۔ کانگریس لیڈر اور سابق وزیر مملکت بابا صدیقی نے جمعرات کی صبح پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ صدیقی اجیت پوار کی این سی پی میں شامل ہوسکتے ہیں۔ تاہم صدیقی کے ایم ایل اے بیٹے ذیشان صدیقی نے ابھی تک کانگریس چھوڑنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔ آئندہ لوک سبھا انتخابات سے پہلے کانگریس کو مضبوط لیڈر ملند دیورا اور بابا صدیقی کے پارٹی چھوڑنے سے بڑا دھچکا لگا ہے۔
بابا صدیقی نے ٹویٹ کرکے کانگریس چھوڑنے کی اطلاع دی اور کہا، ‘میں نے جوانی میں انڈین نیشنل کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ یہ تقریباً 48 سال کا طویل اور اہم سفر تھا لیکن آج میں نے فوری طور پر کانگریس پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بہت کچھ ہے جس کا میں اظہار کرنا چاہتا ہوں لیکن کچھ چیزوں پر خاموش رہنا بہتر ہے۔ میں ہر اس شخص کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میرے سفر کی حمایت کی۔
دراصل بابا صدیقی باندرہ ویسٹ اسمبلی حلقہ کے سابق ایم ایل اے ہیں۔ وہ پہلی بار 1999 میں اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے تھے۔ اس کے بعد انہوں نے 2004 اور 2009 میں کامیابی حاصل کی۔ وہ 2004 سے 2008 تک وزیر مملکت رہے۔ ایم ایل اے بننے سے پہلے وہ دو بار کونسلر رہ چکے ہیں۔ وہ پہلی بار 1992 میں ممبئی میونسپل کارپوریشن کے لیے منتخب ہوئے تھے۔ سال 1997 میں انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کی۔
مرلی دیورا کے بیٹے ملند دیورا نے بھی حال ہی میں کانگریس چھوڑ کر وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی شیوسینا میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اس کے ساتھ ہی بابا صدیقی کے ایم ایل اے بیٹے ذیشان صدیقی اور ایم ایل اے امین شیخ کے پارٹی چھوڑنے کی بھی بات ہورہی ہے۔ اس وقت ان دونوں نے کہا تھا کہ وہ کانگریس پارٹی میں ہی رہیں گے۔ لیکن کچھ دن پہلے ذیشان صدیقی نے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار سے ملاقات کی۔ ذیشان صدیقی نے اس ملاقات کو اسمبلی حلقہ کے کاموں کے سلسلے میں ہونے والی میٹنگ قرار دیا تھا، لیکن بتایا جا رہا ہے کہ یہ ذیشان صدیقی ہیں جنہوں نے اجیت پوار سے ملاقات کے بعد این سی پی میں جگہ بنائی ہے۔ امکان ہے کہ بہت جلد بابا صدیقی اور ذیشان صدیقی این سی پی میں شامل ہو سکتے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ این سی پی کے مسلم چہرے نواب ملک کی ای ڈی کے ذریعے گرفتاری کے بعد این سی پی میں مسلم چہرے کی تلاش جاری ہے۔ اجیت پوار اس تلاش کو بابا صدیقی کے ذریعے مکمل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس وجہ سے اس بات کا امکان ہے کہ بابا صدیقی مستقبل قریب میں این سی پی میں شامل ہو سکتے ہیں۔
