لکھنؤ، 20 جنوری (ہ س)۔ بہوجن سماج پارٹی کی قومی صدر مایاوتی نے ہفتہ کو اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کی پارٹی کسی بھی حالت میں لوک سبھا انتخابات میں دوسری پارٹیوں کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ دیگر جماعتوں کے ساتھ سابقہ اتحاد کے تلخ تجربات سے سبق لیتے ہوئے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر جماعتوں کے ساتھ اتحاد سے تنظیم کا مشن کمزور ہوتا ہے اور پارٹی کے محنتی کارکنوں کے حوصلے بھی ٹوٹتے ہیں۔
مایاوتی نے لکھنؤ میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں اتر پردیش اور اتراکھنڈ یونٹوں کے اہم عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کرکے لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس دوران مایاوتی نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ پارٹی لوک سبھا انتخابات اپنی طاقت پر لڑے گی اور بہتر نتائج لانے کی ذمہ داری عہدیداروں اور کارکنوں پر عائد ہوگی۔ انہوں نے پارٹی عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ اتحاد کے حوالے سے بے بنیاد اور گمراہ کن خبروں سے دور رہیں۔
مایاوتی نے پارٹی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ لوک سبھا انتخابات کی تیاری شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس پی واحد پارٹی ہے جو آئینی نظریات اور اقدار کی بنیاد پر چلتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں اگر کسی نے فساد سے پاک حکومت دی ہے تو وہ صرف بی ایس پی کی حکومت ہے۔
ہندوستھان سماچار//سلام
