امت شاہ اور نڈا آج چھتیس گڑھ کے انتخابی دورے پر
نئی دہلی، 22 اپریل بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون امت شاہ اور پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا آج چھتیس گڑھ کا انتخابی دورہ کریں گے۔ دونوں سینئر لیڈر لوک سبھا انتخابات میں وزیر اعظم نریندر مودی کے 400 پار کے عہد کو پورا کرنے کے لیے جلسہ عام میں بی جے پی اور وزیر اعظم مودی کے ہاتھ مضبوط کرنے کی اپیل کریں گے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے مرکزی وزیر امت شاہ اور قومی صدر جے پی نڈا کے آج کے انتخابی دورے کا پروگرام اپنے ایکس ہینڈل پر شیئر کیا ہے۔
بی جے پی کے ایکس ہینڈل کے مطابق مرکزی وزیر شاہ صبح ساڑھے دس بجے ریاست کے کانکیر کے جلسہ عام میں ووٹروں سے بی جے پی امیدواروں کو جتانے کی اپیل کریں گے۔ جے پی نڈا آج دن میں سب سے پہلے پونے بارہ بجے بلاسپور ضلع کے منگیلی کے لورمی میں جلسہ عام کو خطاب کریں گے۔
یہ جلسہ گورنمنٹ ہائی سکول گراونڈ لورمی میں ہونا ہے۔ اس کے بعد وہ دارالحکومت رائے پور سے متصل درگ ضلع کے اسٹیل سٹی بھیلائی پہنچیں گے۔ نڈا دوپہر 1:35 بجے بھیلائی کے آئی ٹی آئی گراؤنڈ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ آخر میں وہ 3.05 بجے ریاستی دارالحکومت رائے پور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ یہ جلسہ چندرکھوری کے کوشلیا میدان میں ہونا ہے۔
