نئی دہلی، 17 اگست (ہ س)۔ کانگریس پارٹی کی ‘ووٹ ادھیکار یاترا’ بہار کے ساسارام سے شروع ہوئی ہے۔ ساسارام کے سورا ایئرپورٹ گراؤنڈ میں ایک جلسہ عام کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس میں راشٹریہ جنتا دل کے صدر لالوپرساد یادو، سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی اور اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو سمیت کئی بڑے اپوزیشن لیڈر حصہ لے رہے ہیں۔
کانگریس کی یہ ‘ووٹر رائٹس ریلی’ بہار میں ووٹر لسٹ کے جاری اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) اور مبینہ ووٹ چوری کے الزامات کے سلسلے میں منعقد کی گئی ہے۔ ریلی ساسارام کے سورا ایئر سٹرپ (بیاڈا گراؤنڈ) سے شروع ہوئی، جہاں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، ایم پی راہل گاندھی، بہار کے سابق نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو اور ‘انڈی’ اتحاد کے دیگر سینئر لیڈر موجود ہیں۔ یہ ریلی ساسارام سے شروع ہو کر سہ پہر 4 بجے سون پور ڈیہری کے امبیڈکر چوک پہنچے گی، جہاں سے یاترا کاراکاٹ سے ہوتی ہوئی آگے بڑھے گی۔ طے شدہ راستے میں تھانہ چوک، پالی روڈ، نیشنل ہائی وے، بیرن، نبی نگر اور اورنگ آباد شامل ہیں۔ راہل گاندھی شام 7 بجے اورنگ آباد کے رمیش چوک میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ یہ یاترا یکم ستمبر کو پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں ایک بڑے جلسہ عام کے ساتھ ختم ہوگی۔ پٹنہ میں ہونے والے جلسہ عام میں ‘انڈی’ اتحاد کے کئی قومی سطح کے رہنما شرکت کریں گے۔ اس مدت کے دوران، یاترا اورنگ آباد، گیاجی، نوادہ، نالندہ، شیخ پورہ، لکھیسرائے، مونگیر، بھاگلپور، کٹیہار، پورنیہ، ارریہ، سپول، مدھوبنی، دربھنگہ، سیتامڑھی، مشرقی، مغربی چمپارن، گوپال گنج، سیوان، چھپرا اور ریاست کے ضلع آرا سے گزرے گی۔ کانگریس کا دعویٰ ہے کہ یہ یاترا جمہوری حقوق کے تحفظ اور منصفانہ انتخابات کے مطالبے کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنے کے لیے چلائی جا رہی ہے۔
—————
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی
