پونچھ میں تین مقامی لوگوں کی ہلاکت کا معاملہ، دونوں اضلاع میں انٹرنیٹ خدمات معطل
جموں، 23 دسمبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے سرحدی اضلاع پونچھ اور راجوری میں ہفتہ کی صبح موبائل انٹرنیٹ سروس کو معطل کر دیا گیا ہے۔ پولیس اور سیکورٹی فورسز نے جمعرات کو دو فوجی گاڑیوں پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کا پتہ لگانے کے لئے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم جاری رکھی ہے۔ جمعہ کو پیر ٹوپا گاؤں کے قریب فوج کی گاڑیوں پر مہلک دہشت گردانہ حملے کے بعد پوچھ گچھ کے لیے اٹھائے جانے والے تین مقامی لوگوں کے پراسرار حالات میں مردہ پائے جانے کے بعد انٹرنیٹ کو معطل کر دیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والوں کا تعلق ڈی کے جی-بفلیاز جنگلاتی علاقے کے قریب گاؤں سے ہے جہاں دہشت گردوں نے گھات لگا کر حملہ کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق جمعرات کے حملے کی تحقیقات کے ایک حصے کے طور پر علاقے میں تقریباً نو افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ مبینہ طور پر ہلاک ہونے والے تینوں دیہی باشندوں سے بھی حملے کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی۔ گرفتاریوں یا پراسرار اموات کے بارے میں کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیٹ کو اس معاملے پر افواہ پھیلانے سے روکنے کے لیے معطل کیا گیا ہے۔ سول انتظامیہ اور پولیس کے سینئر افسران بشمول ڈپٹی کمشنر پونچھ اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بھی سرنکوٹ سب ڈویژن کے علاقے بفلیاز میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
