نئی دہلی، 12 جنوری (ہ س)۔ اس وقت پورا شمالی ہندوستان سردی سے کانپ رہا ہے۔ قومی راجدھانی دہلی-این سی آر میں بھی شدید سردی اور دھند کا قہر ہے۔ اگلے پانچ دنوں تک راحت کا کوئی امکان نہیں ہے۔ یہ اندازہ ہندوستان کے محکمہ موسمیات کا ہے۔
دہلی، ہریانہ، پنجاب، راجستھان سمیت کئی ریاستوں میں شدید سردی کے ساتھ دھند بھی لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے۔ جمعہ کو گھنے دھند کی وجہ سے ملک کے مختلف حصوں سے دہلی آنے والی 23 ٹرینیں تاخیر سے چل رہی تھیں۔ دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے علاقے میں دھند کی وجہ سے صبح کے وقت حد نگاہ صفر ہوگئی۔ تاہم منفی حالات کا فلائٹ آپریشن پر کوئی خاص اثر نہیں پڑا۔
ہندوستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق، قومی دارالحکومت دہلی میں جمعہ کو کم سے کم درجہ حرارت معمول سے 5.4 ڈگری سیلسیس کم ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ کے مطابق 13 اور 15 جنوری کے درمیان پنجاب کے کچھ حصوں اور ہریانہ اور چنڈی گڑھ کے الگ الگ علاقوں میںصبح کچھ گھنٹوں کے لئے گھنے سے بہت گھنی دھند کے حالات برقرار رہنے کا امکان ہے۔ اگلے دو دنوں میں وسطی اور مشرقی ہندوستان کے کئی علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت میں 2-3 ڈگری سیلسیس کی کمی کا امکان ہے۔
ہندوستھان سماچار
