
وزیر اعظم آج قوم کو سونپیں گے پہلی تیز رفتار ریپڈ ’نمو بھارت‘ ٹرین
نئی دہلی، 20 اکتوبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی آج (جمعہ) کو پہلی تیز رفتار ریپڈ ٹرین ’’نمو بھارت‘‘ قوم کو سپرد کریں گے۔ وہ صبح 11 بجے دہلی – میرٹھ روٹ کے پہلے مرحلے میں صاحب آباد – دوہائی سیکشن (ریگولر ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم (آر آر ٹی ایس) کا افتتاح کریں گے۔ یہ سیکشن 17 کلومیٹر کا ہے، اسی کے ساتھ کچھ دنوں کے بعد دہلی سے میرٹھ کے درمیان ٹرین سے سفر کرنے والے مسافروں کا سفر آسان ہو جائے گا۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے صاحب آباد میں تیز رفتار ریپڈ ٹرین ’’نمو بھارت‘‘ کو ہری جھنڈی دکھانے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس تیز رفتار ٹرین کا نام ’’وندے بھارت‘‘ کی طرز پر ’’نمو بھارت‘‘ رکھا گیا ہے۔ دہلی-میرٹھ روٹ پر اس پروجیکٹ کے پانچ فیز ہیں۔ افتتاح سے قبل اس ٹرین کا ٹرائل رن کیا جا چکا ہے۔ اس نے 152 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار حاصل کی۔
یہ تیز رفتار ریل سروس افتتاح کے بعد کل سے شروع ہو جائے گی۔ نیشنل کیپیٹل ریجن ٹرانسپورٹ کارپوریشن (این سی آر ٹی سی) کو ریپڈ ریل چلانے کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔ این سی آر ٹی سی مرکزی حکومت اور دہلی، ہریانہ، راجستھان اور اتر پردیش کی ریاستوں کی مشترکہ کمپنی ہے۔ اس منصوبے پر کام جون 2019 میں شروع ہوا تھا۔ منصوبے کے بقیہ مراحل کی تکمیل کی آخری تاریخ جون 2025 مقرر کی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
