نئی دہلی، 24 اکتوبر (ہ س)۔ جھوٹ پر سچ کی جیت کے عظیم تہوار وجے دشمی کے موقع پر، صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ نے ملک کو نیک خواہشات پیش کیں۔
ایکس پر پوسٹ کرکے صدر جمہوریہ نے کہا، ’’دسہرہ کے مقدس تہوار پر تمام ہم وطنوں کو میری دلی مبارکباد! دسہرہ، جسے وجے دشمی کے طور پر بھی منایا جاتا ہے، ہمیں سچائی اور مذہب کے راستے پر چلنے کی ترغیب دیتا ہے۔ اس مبارک تہوار پر میری خواہش ہے کہ ہم سب پوری انسانیت کی فلاح و بہبود کے جذبے کے ساتھ حق و انصاف کی راہ پر آگے بڑھتے رہیں۔‘‘
وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے مبارکبادی پیغام میں کہا، ’’ملک بھر میں میرے خاندان کے لوگوں کو وجے دشمی کی دلی مبارکباد۔ یہ مقدس تہوار منفی قوتوں کے خاتمے کے ساتھ ہی زندگی میں اچھائی کو اپنانے کا پیغام لیکر آتا ہے۔‘‘
وزیر داخلہ امت شاہ نے اپنے مبارکبادی پیغام میں کہا، ’’وجے دشمی پر تمام ہم وطنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔ ظلم کا اندھیرا کتنا ہی گھنا کیوں نہ ہو، حق کی بنیاد پر روشنی کی فتح ابدی ہے۔ گناہ پر نیکی کی فتح کی علامت، وجے دشمی ایک ایسا تہوار ہے جو ہمیں ہمیشہ حکمت اور سچائی کے راستے پر چلنے کی ترغیب دیتا اور سکھاتا ہے۔ بھگوان شری رام سب کا بھلا کرے۔ جئے شری رام!‘‘
ہندوستھان سماچار//سلام
