نئی دہلی، 28 جون (ہ س)۔ ملک کے کئی حصوں میں مانسون سرگرم ہو گیا ہے اور بہار اور چھتیس گڑھ میں زوردار بارش ہو رہی ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے بہار کے 23 اضلاع میں موسلادھار بارش اور گرج چمک کے ساتھ الرٹ جاری کیا ہے۔ ان میں سے 11 اضلاع میں اورنج الرٹ اور 12 اضلاع میں ایلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
اورنج الرٹ کے ساتھ اضلاع میں موسلا دھار بارش، گرج چمک اور 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے، جبکہ یلو الرٹ والے علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔ گیا، بھاگلپور، لکھی سرائے اور ساسارام کے پہاڑی علاقوں میں کل اچھی بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ پٹنہ اور آرا میں ہلکی بارش ہوئی۔ تاہم درجہ حرارت میں کوئی خاص کمی نہیں آئی ہے۔ بہار میں اگلے پانچ دنوں تک موسم معمول پر رہنے کا امکان ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 35 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 24 سے 26 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہے گا۔
آئی ایم ڈی کے مطابق، ایک فعال گرت جنوب مغربی راجستھان سے بنگلہ دیش تک پھیلی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے بہار میں نمی برقرار ہے اور بارش کی صورتحال سازگار ہے۔ محکمہ موسمیات نے یہ بھی خبردار کیا ہے کہ خلیج بنگال کے شمالی حصے میں 29 جون کے آس پاس ایک نیا سائیکلون سسٹم بن سکتا ہے جو ریاست کے موسم میں بڑی تبدیلی اور موسلا دھار بارش کا سبب بن سکتا ہے۔ چھتیس گڑھ میں بھی مانسون سرگرم ہوگیا ہے۔ رائے پور میں دیر رات سے وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے اور کئی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے۔ ریاست کے 33 اضلاع میں یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے، سورج پور اور بلرام پور میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی وارننگ دی گئی ہے۔
جمعہ کو چھتیس گڑھ میں 69 مقامات پر اوسطاً 25.51 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ ایک ہفتے میں مون سون کی رفتار میں بہتری آئی ہے اور اب تک 122.2 ملی میٹر بارش ہو چکی ہے جو کہ معمول سے 24 فیصد کم ہے۔ بلرام پور میں معمول سے 115 فیصد زیادہ بارش ہوئی ہے، جبکہ راج ناندگاؤں اور سکما میں 70 سے 80 فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق آنے والے دنوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ہندوستھان سماچار
—————
ہندوستان سماچار / عبدالواحد
