فوج کی 16 کور نے راجوری دہشت گردانہ حملے میں شہید جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا
جموں، 22 دسمبر (ہ س)۔ ہندوستانی فوج کی 16 کور نے جموں و کشمیر کے راجوری ضلع میں دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے چار فوجیوں کی بہادری اور عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ہندوستانی فوج کی 16 کور نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ فوجیوں نے دہشت گردی کے ساتھ لڑتے ہوئے ملک کے لئے اپنی جان قربان کی ہے۔ انڈین آرمی، وائٹ نائٹ کور سرنکوٹ میں دہشت گردی کی لعنت سے لڑتے ہوئے چار فوجیوں کی بہادری اور عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔
واضح ہو کہ جمعرات کی شام راجوری ضلع کے ڈیرہ کی گلی کے جنگلاتی علاقے میں فوج کی دو گاڑیوں پر بھاری ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں نے گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں چار فوجی اہلکار شہید جبکہ تین دیگر زخمی ہو گئے۔
دہشت گردوں نے راجوری کے تھانہ منڈی میں فوج کی دو گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ جمعرات کو بعد دوپہر فوجیوں کو لے کر دو فوجی گاڑیاں آپریشنل سائٹ کی طرف بڑھ رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے حملے کے بعد ہندوستانی فوج کے دستوں نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی۔ یہ کارروائیاں 48 راشٹریہ رائفلز کے علاقے میں ہو رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
