فرانس میں انسانی اسمگلنگ کے شبہ میں روکا گیا طیارہ ممبئی پہنچا
ممبئی، 26 دسمبر (ہ س)۔ فرانس میں انسانی اسمگلنگ کے شبہ میں روکا گیا طیارہ آج صبح تقریباً 4 بجے ممبئی پہنچا۔ اس طیارے نے فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے قریب ویٹری ایئرپورٹ سے مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے اڑان بھری تھی۔ یہ معلومات افسران نے دی ہے۔
یہ چارٹرڈ طیارہ (ایئربس اے 340) 276 مسافروں کو لے کر منگل کی صبح ممبئی کے ہوائی اڈے پر اترا۔ یہ طیارہ کئی دنوں سے فرانس میں پھنسا ہوا تھا۔ دو نابالغوں سمیت 25 افراد فرانس میں ہی رک گئے ہیں۔ ان افراد نے فرانس سے پناہ کی درخواست کی تھی۔ طیارہ کے ویٹری سے ممبئی کے لیے پرواز کرنے پر فرانس میں ہندوستانی سفارت خانے نے ٹویٹر پر یہ معلومات شیئر کی۔ اس میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے کو جلد نمٹانے کے لیے فرانسیسی حکومت اور ویٹری ایئرپورٹ کا شکریہ۔
رومانیہ کی لیجنڈ ایئرلائنز کے اے 340 طیارے نے دبئی سے نکاراگوا کے لیے ٹیک آف کیا تھا۔ یہ طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث فرانس کے ویٹری ایئرپورٹ پر اترا تھا۔ اس دوران فرانسیسی حکومت کو اطلاع ملی کہ اس طیارے کے ذریعے انسانی اسمگلنگ کی جا رہی ہے۔ اس کے بعد فرانس نے اس طیارے کو روک دیا۔ اتوار کو چار فرانسیسی ججوں نے کیس کی سماعت کی۔ زیر حراست مسافروں سے پوچھ گچھ کی۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
