شملہ، 8 دسمبر (ہ س)۔
ہماچل پردیش کے دارالحکومت شملہ میں ایشیا کا سب سے طویل روپ وے تعمیر کیا جائے گا۔ اس کی لمبائی 13.79 کلومیٹر ہوگی اور اس پر 1555 کروڑ روپئے لاگت آئے گی۔ خاص بات یہ ہے کہ یہ دنیا کا دوسرا طویل ترین روپ وے ہوگا۔ یہ جانکاری نائب وزیر اعلی مکیش اگنی ہوتری نے دی۔
نائب وزیر اعلیٰ اگنی ہوتری جمعہ کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شملہ شہر کو ٹریفک کے مسئلہ سے نجات دلانے کے لئے یہ روپ وے تعمیر کیا جائے گا۔ شملہ شہر سے متصل تارا دیوی سے نواحی سنجولی تک بنائے جانے والے اس روپ وے پر کل 13 اسٹیشن بنائے جائیں گے۔ اس میں 660 کیبن ہوں گے اور ہر کیبن میں 8 سے 10 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دنیا کا دوسرا سب سے بڑا روپ وے پروجیکٹ ہونے جا رہا ہے جو بھارت سمیت کئی ممالک کے لئے ایک مثال بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ 1555 کروڑ روپئے کے اس پروجیکٹ کو نیو ڈیولپمنٹ بینک این ڈی بی نے فنڈ فراہم کیا ہے۔ اس میں ہماچل پردیش حکومت کی بھی حصہ داری ہوگی۔ اب یہ منصوبہ جلد شروع کیا جائے گا۔ اس کے لئے تمام قسم کے این او سی اور ٹینڈر کا عمل شروع کیا جائے گا۔ منصوبے کا پہلا مرحلہ اگلے ڈھائی سال میں مکمل ہو گا جبکہ پورا منصوبہ پانچ سال میں مکمل ہو گا۔ نائب وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس پورے روپ وے کی تین لائنیں چلیں گی، ریڈ، گرین اور بلیو۔ پورے روپ وے پروجیکٹ میں 660 کیبن ہوں گے جن میں 8 سے 10 لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔ کیبن 2 سے 3 منٹ کے اندر ایک اسٹیشن پر لوگوں کے لئے دستیاب ہوں گے۔
ہندوستھان سماچار
/عطاءاللہ
