نئی دہلی، 17 نومبر (ہ س)۔ قومی راجدھانی دہلی اور آس پاس کے شہروں میں دھوئیں اور دھند کی وجہ سے فضا میں آلودگی کی چادر مسلسل موٹی ہوتی جا رہی ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق دہلی-این سی آر میں ہوا کے معیار کا مجموعی انڈیکس (اے کیو آئی ) کی سطح جمعہ کی صبح 500 کے نشان کو عبور کر گئی۔ آنند وہار میں اے کیو آئی 447، آر کے پورم میں 469، پنجابی باغ میں 484 اور آئی ٹی او میں 445 رہا۔ دریں اثنا انڈیا میٹریولوجیکل ڈپارٹمنٹ (آئی ایم ڈی )نے کہا ہے کہ آلودگی کے ساتھ ساتھ دہلی-این سی آر میں آئندہ چند دنوں میں دھندبھی نظر آنا شروع ہو جائے گی۔
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق، جمعرات کو 24 گھنٹے پہلے منڈکا، نہرو نگر، پنجابی باغ، جہانگیر پوری، وزیر پور اور دوارکا سیکٹر میں اے کیو آئی 450 سے زیادہ تک پہنچ گیا جس کی وجہ سے ان چھ مقامات پر ہوا کا معیار خطرناک زمرے میں رہا۔ بورڈ کے مطابق دہلی کا مجموعی طور پر ہوا کے معیار کا انڈیکس 419 رہا۔ یہ ایکسنگین زمرہ ہے۔ ایک دن پہلے یہ 401 تھا۔ فرید آباد میں اے کیو ائی 424، غازی آباد میں 376، گریٹر نوئیڈا میں 340، گروگرام میں 363 اور نوئیڈا میں 355 تھی۔ بورڈ کے مطابق اب تک نومبر کے 16 دنوں میں دہلی میں ہوا کا معیار تین دن تک خراب کیٹیگری میں، پانچ دن انتہائی خراب، چھ دن سنگین اور دو دن خطرناک زمرے میں رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
