نئی دہلی، 02 نومبر (ہ س)۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال آج (جمعرات) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سامنے پیش نہیں ہوں گے۔ ای ڈی نے دہلی ایکسائز پالیسی میں مبینہ گھوٹالے میں کیجریوال کو 2 نومبر کو حاضر ہونے کے لیے سمن جاری کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ای ڈی کو جواب دیا ہے۔ کیجریوال نے تحقیقاتی ایجنسی کو خط لکھ کر اس کے سمن کو سیاست پر مبنی اور غیر قانونی قرار دیا اور اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مرکزی تحقیقاتی ایجنسی ای ڈی دہلی ایکسائز پالیسی گھوٹالے میں منی لانڈرنگ سے متعلق معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔چرچا ہے کہ کیجریوال کو طلب کرنے سے پہلے ای ڈی نے کافی ثبوت جمع کر لیے ہیں۔ اسی معاملے میں تفتیشی ایجنسی پہلے ہی دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ کو گرفتار کر چکی ہے۔ وہیں، کیجریوال کی پیشی سے قبل دہلی حکومت کے ایک اور وزیر راجکمار آنند کے گھر پر چھاپے مارے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
