اداکار جونیئر محمود کا انتقال، آخری رسومات دوپہر بعد
ممبئی، 08 دسمبر (ہ س)۔ اداکار جونیئر محمود نہیں رہے۔ جونیئر محمود نے رات 2 بجے اپنی رہائش گاہ پر آخری سانس لی۔ وہ پیٹ کے کینسر میں مبتلا تھے۔ کچھ دنوں سے ان کی طبیعت بہت خراب تھی۔ ان کی آخری رسومات آج (جمعہ) کی دوپہر بعد سانتا کروز قبرستان میں ادا کی جائیں گی۔ جونیئر محمود کے انتقال کی تصدیق ان کے قریبی دوست سلام قاضی نے کی ہے۔
سلام قاضی نے کہا کہ 67 سالہ اداکار جونیئر محمود کو شاید ہی کوئی نعیم سید کے نام سے پکارتا ہو۔ یہ ان کا اصلی نام تھا۔ وہ پریل کے ٹاٹا میموریل اسپتال میں زیر علاج تھے۔ جونیئر محمود کی یادگار فلموں میں ’’ہاتھی میرے ساتھی‘‘، ’’کارواں‘‘ اور ’’میرا نام جوکر‘‘ جیسی کئی مشہور فلمیں شامل ہیں۔ علاج کے دوران اداکار محمود نے اپنے پرانے دوستوں جتیندر اور سچن پلگاونکر سے ملنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ اس کے بعد سچن اور جتیندر بھی ان سے ملنے گئے تھے۔ اداکار جونیئر محمود کے انتقال پر انڈسٹری سوگوار ہے۔ نعیم سید کو یہ پین نام تجربہ کار کامیڈین محمود نے دیا تھا۔
اپنے اداکاری کے کیریئر میں جونیئر محمود نے فلموں کے علاوہ ٹی وی شوز میں بھی کام کیا۔ ان کے کیریئر کی پہلی فلم 1967 میں سنجیو کمار کی نونہال تھی۔ اس وقت ان کی عمر 11 سال تھی۔ اس کے بعد وہ سنگھرش، برہمچاری، دو راستے، کٹی پتنگ ہنگامہ، چھوٹی بہو، داداگیری سمیت کئی فلموں میں نظر آئے۔ وہ زیادہ تر راجیش کھنا اور گووندا کی فلموں میں نظر آئے۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
