وزیر اعظم مودی آج ممبئی میں ملک کے سب سے طویل سمندری پل کا افتتاح کریں گے
نئی دہلی، 12 جنوری (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی آج مہاراشٹر پہنچ رہے ہیں۔ وہ ممبئی ٹرانس ہاربر لنک (ایم ٹی ایچ ایل) سمندری پل کا افتتاح کریں گے اور ایسٹرن فری وے کے اورنج گیٹ کو میرین ڈرائیو سے جوڑنے والی زیر زمیں سڑک کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ساتھ ہی سوریا پینے کے پانی کے پروجیکٹ کا اور میگا کامن فیسیلیٹیشن سینٹر بھارت رتنم کا افتتاح بھی کریں گے۔ بی جے پی نے ٹویٹر پر وزیر اعظم کے مہاراشٹر کے دورے کی ایک باتصویر تفصیل ایکس پر شیئر کی ہے۔ اس کے علاوہ پی آئی بی نے بھی اس حوالے سے پریس نوٹ جاری کیا ہے۔
پی آئی بی کی ریلیز کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی تقریباً 12:15 بجے ناسک پہنچیں گے۔ یہاں وہ 27ویں نیشنل یوتھ فیسٹیول کا افتتاح کریں گے۔ اس کے بعد تقریباً ساڑھے تین بجے ممبئی میں اٹل بہاری واجپئی سیواری-نہاوا شیوا اٹل پل کا افتتاح کریں گے۔ وزیر اعظم تقریباً 4:15 بجے نوی ممبئی میں ایک عوامی تقریب میں شرکت کریں گے۔ یہاں وہ کئی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور انہیں قوم کے نام وقف کریں گے۔ کئی منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔
پروگرام کے دوران وزیر اعظم تقریباً 2000 کروڑ روپے کے ریلوے پروجیکٹوں کو قوم کے نام وقف کریں گے۔ وزیراعظم یوران ریلوے اسٹیشن سے کھارکوپر تک چلنے والی ای ایم یو ٹرین کا افتتاح بھی کریں گے۔
پروگرام کے دوران وزیر اعظم نمو مہیلا سشکتی کرن مہم کا آغاز کریں گے۔ وزیر اعظم مودی کی یہ مسلسل کوشش رہی ہے کہ نوجوانوں کو ملک کی ترقی کے سفر کا ایک اہم حصہ بنایا جائے۔ اس مقصد کی طرف ایک بڑی کوشش کے طور پر وہ ناسک میں 27ویں نیشنل یوتھ فیسٹیول (این وائی ایف) کا افتتاح کریں گے۔ نیشنل یوتھ فیسٹیول ہر سال 12 سے 16 جنوری تک منعقد ہوتا ہے۔ 12 جنوری سوامی وویکانند کا یوم پیدائش ہے۔ اس سال مہاراشٹر اس میلے کی میزبانی کر رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
