اجودھیا میں تریتا دور کی جھلک، آج براجمان ہوں گے بھگوان شری رام
اجودھیا، 22 جنوری (ہ س)۔ ہندوستان کی تاریخ میں آج ایک اور باب کا اضافہ ہونے والا ہے۔ آج وزیر اعظم نریندر مودی شری رام للا کی مورتی کو اس کی صحیح جگہ پر براجمان کر پران پرتیشٹھا کریں گے۔
رام پتھ، بھکتی پتھ اور دھرم پتھ کی سج دھج قابل دید
اجودھیا شہر کو ہزاروں کوئنٹل پھولوں سے شاندار طریقے سے سجایا گیا ہے۔ چاروں طرف تہوار سا سماں ہے۔ جنم بھومی پتھ سے لے کر رام پتھ، بھکتی پتھ اور دھرم پتھ تک سج دھج نظر آتی ہے۔
ملک بھر سے روایات اور فنون کا ایک اجتماع
ثقافتی رقص اور موسیقی کے ذریعے ریاست کے ساتھ ساتھ پورے ملک کی روایات اور فنون یکجا ہو رہے ہیں۔ ہر طرف بھگوان رام کے بھجن سنائی دے رہے ہیں۔ پران پرتیشٹھا کے لیے رام مندر کے احاطے کو بھی ملک کے مختلف حصوں سے لائے گئے پھولوں سے سجایا گیا ہے۔ مختلف قسم کے ثقافتی پروگراموں کے لیے اسٹیج بنائے گئے ہیں۔ دھرم گوروں کی جانب سے مختلف مقامات پر رام کتھا کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور مختلف ممالک کی رام لیلاوں کو بھی اسٹیج کیا جا رہا ہے۔
مذہبی جذبے کو بیدار کرنے والا لیزر شو
لتا چوک پر نصب وینا کو بھی روشنی اور پھولوں کے شاندار امتزاج سے روشن کیا گیا ہے۔ بھگوان شری رام کی سوانح حیات سے متعلق مختلف ابواب کو پورے اجودھیا دھام میں میورل پینٹنگ اور دیوار پینٹنگز کے ذریعے دکھایا گیا ہے۔ رام کی پیڑی پر لیزر شو کے ساتھ ثقافتی پروگرام مذہبی جذبے کو بیدار کر رہے ہیں۔
پران پرتیشٹھا پروگرام 12 بجے کے بعد شروع ہوگا
بھگوان شری رام للا کے پران پرتیشٹھا کے پروگرام کے تاریخی موقع پر پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے وزیر اعلیٰ یوگی ایک دن پہلے اجودھیا پہنچ گئے ہیں جبکہ وزیر اعظم مودی صبح 10.25 بجے اجودھیا کے مہارشی والمیکی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچیں گے۔ وہ 10.45 پر اجودھیا ہیلی پیڈ پہنچیں گے۔ یہاں سے وہ سیدھے رام جنم بھومی کے مقام پر پہنچیں گے۔ اس کے بعد وہ صبح 11 بجے سے دوپہر 12 بجے تک مختلف تقاریب میں حصہ لیں گے، جبکہ دوپہر 12.05 سے 12.55 بجے تک پران پرتیشٹھا کا اہتمام کیا جائے گا۔ پروگرام دوپہر ایک بجے ختم ہونے کے بعد وہ پنڈال پہنچیں گے، جہاں وہ دیگر خصوصی مہمانوں کے ہمراہ پورے ملک اور دنیا سے خطاب کریں گے۔
کاشی کے آچاریہ پران پرتیشٹھا کروائیں گے
تقریب کی رسومات کے تمام عمل کے تال میل، تعاون اوررہنمائی کے لئے 121 آچاریہ ہوں گے۔ وارانسی کے گنیشور شاستری دراوڑ تمام عمل کی نگرانی، رابطہ کاری اور رہنمائی کریں گے اور کاشی کے لکشمی کانت دیکشت سربراہ آچاریہ ہوں گے۔ پران پرتیشٹھا کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی، آر ایس ایس کے سرسنگھ چالک موہن بھاگوت، اتر پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل، اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور دیگر معززین موجود رہیں گے۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
