اسلام آباد، 12 دسمبر (ہ س)۔ شمال مغربی پاکستان کے سب سے زیادہ شورش زدہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں منگل کی صبح دربن پولیس اسٹیشن پر خودکش دہشت گردانہ حملے میں 23 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔ اس دوران سیکورٹی اہلکاروں نے چھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاکستان کے معروف اخبار ڈان نے یہ اطلاع فوج کے میڈیا ونگ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی سی پی آر) کے بیان کے حوالے سے دی ہے۔ آئی سی پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ خودکش حملہ آوروں نے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان سے متصل شورش زدہ ڈیرہ اسماعیل خان ضلع میں دربن پولیس اسٹیشن کو نشانہ بنایا۔ بارود سے بھری گاڑی پولیس اسٹیشن کی عمارت سے ٹکرا گئی اور پھر مارٹر سے حملہ کیا۔
دہشت گرد تنظیم تحریک جہاد پاکستان (ٹی جے پی) نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ پاکستان میں ہونے والے کچھ بڑے حملوں کے پیچھے اس دہشت گرد تنظیم کا ہاتھ رہا ہے۔ ٹی جے پی کے ترجمان ملا قاسم نے اسے خودکش حملہ قرار دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
