وزیر اعظم مودی آج متحدہ عرب امارات میں پہلا ہندو مندر دنیا کو وقف کریں گے
ابوظہبی، 14 فروری ۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی دو روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات میں ہیں۔ وزیر اعظم مودی آج (بدھ) ابوظہبی میں پہلا ہندو مندر دنیا کو وقف کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ بھارت مارٹ کا بھی افتتاح کریں گے۔ اپنے دورے کے پہلے دن وزیر اعظم مودی نے متحدہ عرب امارات کے صدر سے ملاقات کر چکے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کا بی اے پی ایس مندر کی تعمیر کے لیے زمین فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں فریقوں کا خیال ہے کہ اس مندر کی تعمیر سے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ یہ عالمی برادری کو بھائی چارے، تعاون اور امن کا پیغام بھی دے گا۔
وزیر اعظم مودی آج بوچاسنواسی شری اکشر پرشوتم سوامی نارائن سنستھا (بی اے پی ایس) ہندو مندر کا افتتاح کریں گے۔ متحدہ عرب امارات میں یہ پہلا ہندو مندر ہے۔ یہ ہندو مندر تقریباً 27 ایکڑ اراضی پر بنایا گیا ہے۔ مندر کے لیے زمین متحدہ عرب امارات کی حکومت نے عطیہ کی ہے۔
نئی دہلی میں وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ہندوستان-مشرق وسطی اقتصادی راہداری (آئی ایم ای سی) کولیکر بین حکومتی فریم ورک پر ایک معاہدہ ہوا ہے۔ آئی ایم ای سی ہندوستان-مشرق وسطی-یورپ کوریڈور کا حصہ ہوگا۔ اس حوالے سے ایک معاہدہ ستمبر 2023 میں نئی دہلی میں ہندوستان، متحدہ عرب امارات، امریکہ، فرانس، اٹلی اور سعودی عرب کے سربراہان کی موجودگی میں جی-20 سربراہی اجلاس کے دوران ہوا تھا۔ اس کے علاوہ توانائی کے شعبے میں نئے تعاون کے لیے الیکٹریکل انٹر کنکشن اور تجارتی معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔
وزارت خارجہ کے مطابق مودی اور شیخ محمد النہیان کے درمیان ہونے والی بات چیت میں پٹرولیم تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہندوستان جلد ہی متحدہ عرب امارات سے ایل این جی خریدنے کے معاہدے پر دستخط کرنے والا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان آرکائیوز اور میوزیم کے تحفظ اور تعاون کے حوالے سے بھی دو الگ الگ معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔
وزارت خارجہ کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے دورہ کے پہلے مرحلے میں کل ابوظہبی کے زید اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم میں ’’اہلان مودی‘‘ پروگرام سے خطاب کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آئی آئی ٹی دہلی – ابوظہبی کیمپس کے طلبا کے پہلے بیچ کے ساتھ بات چیت کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس سے نہ صرف ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان باہمی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز ہوتا ہے بلکہ یہ دونوں ممالک کے نوجوانوں کو بھی ایک ساتھ لاتا ہے۔
