پاکستان کے گلگت۔بلتستان میں بارش اور برفباری کے سبب معمولات زندگی درہم برہم
گلگت، 20 فروری ۔ پاکستان کے گلگت۔بلتستان میں وقفے وقفے سے ہورہی بارش اور برف باری سے معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔ کئی مقامات پر شدید لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔ شاہراہ قراقرم اور بلستان روڈ سمیت اہم سڑکیں کئی مقامات پر بند ہیں۔ سڑک بلاک ہونے کی وجہ سے گلگت۔بلتستان آنے اور جانے والے ہزاروں مسافر پھنسے ہوئے ہیں۔ درجہ حرارت بھی صفر سے نیچے چلا گیا ہے اور بجلی بھی بند ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق شام تک نچلے علاقوں میں شدید بارش اور بالائی علاقوں میں شدید برف باری ہوئی۔ کوہستان میں اچر نالہ کے قریب شدید بارش کے دوران پہاڑ سے چٹانیں گرنے سے شاہراہ بند ہوگئی۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم بھی بند ہے۔ اچر نالے کے قریب سینکڑوں گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔ اسکردو کے علاقے راونڈو میں شدید برف باری کے باعث بلوچستان روڈ کئی مقامات پر بند ہے۔ یہاں بھی ہزاروں مسافر پھنس گئے ہیں۔
بارگھو علاقے میں گیجر تا شندور روڈ، بالائی علاقوں کی لنک روڈ اور بین الاضلاعی سڑکیں کٹ گئیں۔ برفباری کے بعد بالائی علاقوں کی سڑکیں پھسلن والی ہوگئیں۔ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی چھ تک گر گیا۔ غذر، ہنزہ، نگر، اسکردو، شگار، کھرمانگ، استور اور گھانچے کے بالائی علاقوں میں تین سے چھ انچ تک برفباری ہوئی۔ ریسکیو 1122 کے مطابق بلتستان روڈ پر روندو کے گاوں باغچا کے قریب کار پر پتھر گرا۔ کار میں سوار چار مسافروں کو معمولی چوٹیں آئیں۔ خراب موسم کے باعث اسلام آباد، اسکردو اور گلگت کے درمیان پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔ کئی علاقوں میں بجلی، موبائل اور انٹرنیٹ رابطہ منقطع ہے۔
وزیراعلیٰ حاجی گلبر خان نے جی بی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور تمام اضلاع کے انتظامی افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ شدید بارش اور برف باری کی وجہ سے ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے راحت اور بچاو کارروائیاں کریں۔ محکمہ موسمیات اور صوبائی حکومت نے 27 فروری تک شدید بارش اور برف باری کی وارننگ جاری کی ہے۔
