واشنگٹن ۔ ایران کے ممکنہ حملے کا جواب دینے کے لیے امریکہ تیار ہے۔ ایرانی حملے کے بڑھتے ہوئے خدشات کے درمیان، بائیڈن انتظامیہ نے کل اچانک ایک اعلیٰ امریکی فوجی کمانڈر کو اسرائیل بھیجا۔ امریکی حکام کا کہنا تھا کہ اسرائیل بھیجے گئے اس فوجی کمانڈر نے وہاں کے اعلیٰ حکام سے ایران کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔
نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں یہ اطلاع دی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران بار بار شام میں یکم اپریل کو ہونے والے حملے کے لئے اسرائیل کو کی سزا دینے کی قسم کھا رہا ہے۔اس حملے میں کئی سینئر ایرانی کمانڈر مارے گئے تھے۔ امریکی حکام نے کہا ہے کہ وہ ایران کے کسی بھی حملے کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ اسرائیل نے بھی اپنی فوج کو الرٹ کر رکھا ہوا ہے۔
امریکی حکام نے کہا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ ایران کے حملے کی صورت میں مضبوطی سے اسرائیل کے ساتھ ہے۔ ادھر امریکہ نے ایران کو پرسکون کرنے کے لیے چین اور مصر جیسے ممالک سے بھی بات کی ہے۔ اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن سے فون پر بات کی اور کہا کہ اگر ایران ان کے ملک پر حملہ کرتا ہے تو اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔
