ماسکو، 25 فروری ۔ روسی اپوزیشن رہنما اور صدر پوتن کے ناقد الیکسی نولنی کی لاش ان کی والدہ کے حوالے کر دی گئی ہے۔ نولنی کی لاش ان کے اہل خانہ کے حوالے نہیں کرنے پر پوتن انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ نولنی کی موت 16 فروری کو آرکٹک سرکل جیل میں ہوئی تھی۔
نولنی کی موت کے تقریباً ایک ہفتے بعد ان کی لاش ان کی والدہ لیودملا نولنیا کے حوالے کی گئی ہے۔ نولنی کی ترجمان کیرا یارمش نے ہفتہ کو ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے یہ معلومات دی۔ ترجمان نے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جو نولنی کی لاش ان کے اہل خانہ کے حوالے کرنے کا مطالبہ کرنے میں شامل تھے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ نولنی کی آخری رسومات ہونا ابھی باقی ہیں۔
نولنی کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ میں موت کی وجہ قدرتی بتائی گئی ہے۔ تاہم جیل میں نولنی کی موت کے حوالے سے بہت سے سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ نولنی کی اہلیہ یولیا نویلنایا نے بھی اس حوالے سے سنگین الزامات لگائے تھے۔
