ریاض ،19 اکتوبر (ہ س )۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں بین الاقوامی انسانی قانون کا اطلاق ہونا چاہیے۔ انہوں نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا کہ ہماری فوری توجہ غزہ میں جنگ بندی پر ہے اور مملکت غزہ میں جنگ بندی کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ دو ریاستی حل ہی مسئلہ فلسطین کا بنیادی حل ہے۔ تمام فریقوں کو بین الاقوامی قانونی جواز کے مطابق مسئلہ فلسطین کو حل کرنے کا پابند ہونا چاہیے۔یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے اسرائیل نے انتہائی گنجان آباد غزہ کی پٹی کی مکمل ناکہ بندی کر رکھی ہے۔ غزہ کی جانب خوراک اور ادویات کی ترسیل روک دی گئی ہے۔ تمام گذرگاہوں کو بند کردیا گیا ہے۔ انسانی امداد پر مبنی سامان کی آمدورفت روک دی گئی ہے اور بجلی اور پانی بھی منقطع کر دیا گیا ہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم نے 7 اکتوبر کو کیے گئے اس اچانک حملے کے بعد فلسطینی تنظیم ”حماس“ کا صفایا کرنے اور اس کا غزہ سے صفایا کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جنگ میں 3 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
