اسلام آباد، 3 دسمبر (ہ س)۔ پاکستان کے علاقے گلگت بلتستان میں ہفتہ کو دہشت گردوں نے ایک مسافر بس پر اندھا دھند فائرنگ کر کے نو افراد کو ہلاک کر دیا۔ اس حملے میں 26 دیگر زخمی ہوگئے۔ پاکستان کے معروف اخبار ڈان کے مطابق گلگت سے راولپنڈی جانے والی بس پر شام ساڑھے چھ بجے چلاس کے قریب حملہ کیا گیا۔
ڈان کے مطابق حملے کے بعد ڈرائیور بس پر سے کنٹرول کھو بیٹھا اور بس سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ چلاس کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس عارف احمد کے حوالے سے اخبار نے کہا کہ مرنے والوں میں سے پانچ کی شناخت ہو گئی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں دو فوجی بھی شامل ہیں۔ اسپیشل سیکورٹی یونٹ کا ایک سپاہی بھی زخمیوں میں شامل ہے۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ہندوستھان سماچار/
