کاٹھمنڈو، 26 نومبر (ہ س)۔
نیپال اور بھارت کے درمیان توانائی کے شعبے میں ہر روز نئے ریکارڈ بن رہے ہیں۔ بھارت کی نئی توانائی پالیسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نیپال نے گزشتہ چار مہینوں میں بھارت کو بجلی بیچ کر 1250 کروڑ روپے کا منافع کمایا ہے۔
نیپال الیکٹرسٹی اتھارٹی کے مطابق گزشتہ چار ماہ میں نیپال کی مختلف کمپنیوں نے ہندوستان کی مختلف کمپنیوں کو بجلی بیچ کر 1250 کروڑ روپے کا منافع کمایا۔ اس عرصے کے دوران نیپال نے ہندوستان کو 13,612 لاکھ یونٹ بجلی بیچ کر یہ منافع کمایا ہے۔ اتھارٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کلمن گھیسنگ نے کہا کہ نیپال کے لیے بجلی بیچ کر منافع کمانے کا یہ ایک ریکارڈ ہے۔
گھیسنگ کے مطابق گزشتہ مالی سال میں اسی مدت کے دوران منافع صرف 486.44 کروڑ روپے تھا، لیکن اس بار یہ تقریباً تین گنا بڑھ کر 1250 کروڑ روپے ہو گیا ہے۔ یہ ہندوستان کی نئی توانائی پالیسی کی وجہ سے ہی ممکن ہوا ہے۔ اپنی توانائی کی پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے حکومت ہند نے نیپال کو توانائی کی خرید و فروخت کے لیے بہت ساری سہولیات فراہم کی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
