صنعائ،31اگست(ہ س)۔یمن کے حوثی باغیوں نے تصدیق کی ہے کہ اس کے خود ساختہ وزیر اعظم احمد غالب ناصر الرحاوی اسرائیلی فضائی حملے میں مارے گئے ہیں۔ایران کے حمایت یافتہ گروپ کا مزید کہنا ہے کہ جمعرات کو دارالحکومت صنعا میں اسرائیل کی فضائی کارروائی میں گروپ کے مزید کئی اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔اسرائیلی ڈیفنس فورسز کا کہنا ہے کہ صنعا میں اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے ایک اجتماع پر حملہ کیا جس میں الرحاوی اور دیگر اعلیِ حوثی عہدے داروں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔صنعا سے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کو بے دخل کرنے اور تباہ کن خانہ جنگی شروع کرنے کے بعد حوثیوں نے 2014 سے یمن کے شمال مغربی حصے پر کنٹرول کر رکھا ہے۔حوثی باغیوں کے مطابق الرحاوی کے ساتھ دیگر اعلیِ عہدے دار بھی مارے گئے ہیں۔ تاہم گروپ نے ان کے نام نہیں بتائے۔سعودی عرب کی نیوز ویب سائٹ الحدث نے رپورٹ کیا ہے کہ حوثیوں کے وزیر خارجہ کے ساتھ ساتھ انصاف، نوجوان اور کھیل، سماجی امور اور محنت کے وزرا بھی مارے گئے ہیں۔حوثی باغیوں کے مطابق حوثی نائب وزیر اعظم محمد احمد مفتاح اب وزیر اعظم کا منصب سنبھالیں گے۔الرحاوی اگست 2024 سے اپنے عہدے پر فائز تھے اور انھیں تحریک کے ایک اہم کردار کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔حوثی تحریک کے مرکزی رہنما عبدالملک الحوثی، وزیر دفاع اور چیف آف سٹاف جمعرات کو ہونے والے اس حملے میں محفوظ رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan
