بنگلہ دیش میں دو ٹرینوں میں تصادم، 15 افراد ہلاک
ڈھاکہ، 23 اکتوبر (ہ س)۔ بنگلہ دیش کے کشور گنج بھیرب میں پیر کی دوپہر مال گاڑی ٹرین اور مسافر ٹرین کے درمیان تصادم میں کم از کم 15 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق بھیرب ریلوے پولیس اسٹیشن کے ڈیوٹی آفیسر سراج الاسلام نے بتایا کہ چٹوگرام جانے والی مال گاڑی ٹرین آج سہ پہر تقریباً 3:30 بجے ڈھاکہ جانے والی ایگاروسندھور ایکسپریس سے ٹکرا گئی۔
فائر سروس اور سول ڈیفنس کے میڈیا ونگ کے ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر پردھان سرکار نے بتایا کہ ملبے سے 15 لاشیں نکالی گئی ہیں۔ امدادی اور بچاؤ کا کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے۔ تھانہ انچارج عبدالعلیم سکدار نے موقع پر صحافیوں کو بتایا کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
بنگلہ دیش کے ریلوے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ کنٹینر ٹرین جو بھیرب کے مقام پر مسافر ٹرین سے ٹکرا گئی تھی اس نے سگنل کو نظر انداز کیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
