
شن بیٹ نے کہا-لبنان، ترکی اور قطر میں چھپے حماس کے جنگجووں کی خیر نہیں
غزہ، 4 دسمبر (ہ س)۔ غزہ کی پٹی میں جاری جنگ آج (پیر) اپنے 59ویں روز میں مزید خوفناک ہوگئی۔ حکمت عملی میں اچانک تبدیلی کرتے ہوئے اسرائیل نے فلسطین کی جنگجو تنظیم حماس کے خلاف زمینی حملے تیز کر دیے۔ فوج بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ تیزی سے پیش قدمی کر رہی ہے۔ ادھر اسرائیل کی خفیہ ایجنسی شن بیٹ نے کہا ہے کہ لبنان، ترکی اور قطر میں بھی چھپے حماس کے جنگجو کی خیر نہیں۔ اسرائیل نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ خان یونس شہر کو فوری طور پر خالی کر دیں۔
معروف اخبار ٹائمز آف اسرائیل نے یہ معلومات داخلی سلامتی کے معاملات کی ذمہ دار انٹیلی جنس ایجنسی شن بیٹ اور اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) کے حوالے سے دی۔ اخبار کے مطابق آئی ڈی ایف نے جنوبی غزہ میں زمینی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ آئی ڈی ایف نے حماس کے قبضے سے یرغمالیوں کو آزاد کرانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ دریں اثناء لبنان سے اسرائیل پر داغے گئے میزائل میں دو مزید آئی ڈی ایف فوجی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
آئی ڈی ایف نے کہا ہے کہ اب جنوبی غزہ میں حماس کے ایک بھی جنگجو کو زندہ نہیں چھوڑا جائے گا۔ آئی ڈی ایف کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ہرزی حلوی نے کہا کہ اس لڑائی میں حماس بٹالین کے کمانڈر، کمپنی کمانڈر اور اس کے بہت سے کارکن مارے گئے ہیں۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی سے اس حوالے سے کشیدگی کم کرنے کی کوششوں پر بات چیت کی ہے۔ دوسری جانب شدید بمباری کے درمیان آئی ڈی ایف نے اتوار کو ایک حکم جاری کیا کہ غزہ کے دوسرے بڑے شہر خان یونس کے ارد گرد کے علاقوں کو خالی کرنا ہو گا، کیونکہ حماس کے کئی سینئر کمانڈر یہاں چھپے ہوئے ہیں۔ آئی ڈی ایف نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں 800 سے زائد سرنگیں تباہ ہو چکی ہیں۔ ان سرنگوں کے اندر سے ہتھیار ملے ہیں۔
ہندوستھان سماچار/
