اجے دیوگن کی مقبول فلم ‘سن آف سردار 2’ بالآخر یکم اگست کو سینما گھروں میں ریلیز ہو گئی ہے۔ اگرچہ ریلیز سے قبل اس فلم کے حوالے سے کافی چرچے تھے اور شائقین میں تجسس بھی تھا لیکن ریلیز کے بعد یہ توقعات پر پورا نہیں اتر سکی۔
کامیڈی اور ایکشن سے بھرپور اس سیکوئل کو ناقدین کی جانب سے ملا جلا ردعمل ملا ہے۔ جہاں کچھ لوگوں نے فلم کے مسالہ انٹرٹینمنٹ کی تعریف کی وہیں بہت سے لوگ اس کے اسکرپٹ اور مزاح سے متاثر نہیں ہوئے۔ فلم نے بھی باکس آفس پر اب تک اوسط درجے کی کارکردگی دکھائی ہے۔ خاص طور پر تیسرے دن کی کمائی پر نظر ڈالیں تو یہ بڑی حد تک فلم کی مقبولیت کی نشاندہی کرتا ہے۔ اب ‘سن آف سردار 2’ کی تیسرے دن کی کمائی سامنے آگئی ہے۔
باکس آفس ٹریکر ساکنلک کے مطابق، ‘سن آف سردار 2’ نے اپنے پہلے دن 7.25 کروڑ روپے کما کر اچھی شروعات کی۔ دوسرے دن یعنی سنیچر کو فلم کی کمائی میں معمولی اضافہ دیکھا گیا اور اس نے 8.25 کروڑ روپے جمع کر لیے۔ اتوار کو چھٹی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فلم نے 9.25 کروڑ کا بزنس کیا۔ اس طرح ریلیز کے پہلے ویک اینڈ میں ‘سن آف سردار 2’ کا کل کلیکشن 24.75 کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ فلم کا کل بجٹ تقریباً 80 کروڑ روپے ہے، اس لیے اسے ہٹ بننے کے لیے ابھی بہت طویل سفر طے کرنا ہے۔
‘سن آف سردار 2’ میں اجے دیوگن پہلی بار مرونال ٹھاکر کے ساتھ اسکرین شیئر کر رہے ہیں۔ مرونال فلم میں رابعہ کا کردار ادا کر رہی ہیں اور اجے کے ساتھ ان کی جوڑی کو ناظرین کی جانب سے اچھا ردعمل مل رہا ہے۔ فلم کو وجے کمار اروڑہ نے ڈائریکٹ کیا ہے، جنہوں نے اسے مسالہ انٹرٹینر کے طور پر پیش کیا ہے۔ کاسٹ کی بات کریں تو فلم میں کئی مضبوط اداکار جیسے نیرو باجوہ، روشن والیا، کبرا سیٹھ، دیپک ڈوبریال، ساحل مہتا، چنکی پانڈے اور روی کشن بھی اہم کرداروں میں نظر آ رہے ہیں۔
—————
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی
