ٹیزر کے بعد سے ہی شائقین اس فلم کے ٹریلر کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔ اب یہ انتظار ختم ہو گیا ہے ۔ رنبیر کپور کی فلم ’اینیمل‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے اور ہدایت کار سندیپ ریڈی وانگا کے مطابق یہ ٹریلر بھی تشدد اور خونریزی سے بھرپور ہے۔ ٹریلر کے شروع میں ہی رنبیر کپور اور انل کپور کے باپ -بیٹے کے ایک مختلف اور عجیب رشتے کی جھلک ملتی ہے۔
ٹریلر سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ فلم ایک مجرم بیٹے کے تعلقات کو اجاگر کرے گی، جو اپنے باپ کو اپنا آئیڈیل مانتا ہے اور ان کے لیے کسی بھی حد تک جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ٹریلر سے یہ واضح ہوتا ہے کہ اس خاندان کا جرائم کی دنیا سے کوئی نہ کوئی تعلق ہے۔ اس رشتے کے ساتھ فلم میں زبردست ایکشن اور بہت زیادہ لڑائی اور تشدد بھی ہوگا۔ ایسا لگتا ہے کہ فلم میں رشمیکا مندھانا کا کردار بھی بہت اہم ہوگا۔
اپنے والد کے سامنے ”اب ایک اور کھرونچ آئی تو دنیا جلا دوں گا“کہنے والے رنبیر کپور کا جارحانہ اندازاور ڈیشنگ ایٹی ٹیوڈ شائقین کو کافی پسند آیاہے۔ ٹریلر سے واضح ہے کہ فلم میں بوبی دیول کے کردار کو بھی رنبیر کی طرح ہی پرتشدد دکھایا گیا ہے۔ ٹریلر کے آخر میں بوبی اور رنبیر کے درمیان زبردست ایکشن سین نظر آ رہا ہے۔ چرچا ہے کہ بوبی کا کردار گونگا ہوگا اور چونکہ ٹریلر میں بوبی کی جانب سے بولا گیا کوئی ڈائیلاگ نہیں ہے، اس لیے اس امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا۔ مجموعی طور پر، جیسا کہ سندیپ ریڈی وانگا نے بتایا، حال ہی میں ریلیز ہونے والے ٹریلر سے یہ واضح ہے کہ یہ فلم اپنے نام کے مطابق کافی پرتشدد ہوگی۔
سندیپ ریڈی وانگا نے خود وضاحت کی ہے کہ اس فلم کو سنسر سے اے سرٹیفکیٹ ملا ہے اور فلم کی لمبائی 3 گھنٹے 21 منٹ ہے۔ رنبیر کے اس بالکل مختلف اوتار کو بڑی اسکرین پر دیکھنے کے لیے مداح بہت پرجوش ہیں۔ لوگوں نے اس ٹریلر کو بھی کافی پسند کیا ہے۔ فلم یکم دسمبر کو 5 زبانوں ہندی، تمل، تیلگو، کنڑ، ملیالم میں ریلیز ہوگی۔ وکی کوشل کی ’سام بہادر‘ بھی اسی دن ریلیز ہوگی، اس لیے دونوں کے درمیان باکس آفس پر زبردست ٹکر ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
