ساوتھ سنیما انڈسٹری میں پچھلے چند مہینوں میں بہت سے افسوس ناک واقعات ہوئے ہیں۔ دودنوں کے اندر دو ملیالم اداکاراوں کا انتقال ہو گیا۔ اس سے قبل تمل اداکار وجے انٹونی کی بیٹی میرا نے پھانسی لگا کر خودکشی کر لی تھی۔ اب ایک اور اداکار کی موت کی خبر سامنے آئی ہے۔ تجربہ کا ر تمل اداکار رگھو بلیا عرف جونیئر بلیا کا جمعرات کو انتقال ہو گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جونیئر بلیا کی چنئی کے ولسرواکم واقع ان کی رہائش گاہ پر دم گھٹنے سے موت ہو گئی ۔ ان کی عمر 70 سال تھی۔ وہ فلم انڈسٹری میں چار دہائیوں سے زیادہ عرصے سے سرگرم تھے۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے انہیں خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ان کی آخری رسومات آج شام ہی ادا کی جائیں گی۔
رگھو بلیا آنجہانی تجربہ کار اداکار ٹی ایس بلیا کے بیٹے تھے۔ انہیں پیار سے لوگ جونیئر بلیا کہتے تھے ۔ انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز سال 1975 میں ‘میلاناٹو مارومگل’ سے کیا۔ فلموں ’کراگٹ کرن‘، ’سندر کندم‘، ‘ونر’، ‘ستائی’، ‘چٹھی’، ‘ولکائی’ اور ‘چنا پاپا پیریا پاپا’ میں ان کے کردار خاصے مقبول تھے۔ سال 2021 میں ریلیز ہونے والی ‘نیرکانڈا پروئی’ ان کی آخری فلم تھی۔ اس فلم میں اداکار اجیت نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
