بالی ووڈ کے ’سنجو بابا‘ یعنی اداکار سنجے دت نے اپنے والد سنیل دت اور والدہ نرگس دت کی روح کے سکون کے لیے گیا کے وشنوپد مندر میں پنڈ دان کیا۔ اس دوران سنجے دت کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے۔ اس ویڈیو میں سنجے دت یہ رسم ادا کرتے نظر آ رہے ہیں۔ ان کے والد یعنی سنیل دت نے بھی اس مقام پر اپنے آباؤ اجداد کے لیے پنڈ دان پیش کیا تھا۔
سنجے دت کے والد اداکار سنیل دت 25 مئی 2005 کو اور والدہ اداکارہ نرگس دت کا انتقال 3 مئی 1981 کو ہوا۔ سنیل دت اور نرگس دت بالی ووڈ انڈسٹری کے بڑے نام ہیں۔ سنجے دت جمعرات کی سہ پہر تقریباً 3 بجے گیا کے وشنوپد مندر پہنچے۔ اس شردھا کی رسم کی تیاریاں ان کے مندر پہنچنے سے پہلے ہی کر لی گئی تھیں۔
سنجے دت نے اپنے والدین اور آباؤ اجداد کے لیے ہندو مذہب کی یہ اہم رسم وشنو پاد کمپلیکس میں واقع ہنومان مندر میں ادا کی۔ تقریب کے دوران سنجے دت بھارتی لباس میں نظر آئے۔ اداکار سنجے دت نے سفید کرتا پاجامہ پہن کر تقریب مکمل کی۔ اس دوران گیا میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔
ہندو مذہب میں پنڈ دان کی رسم کو بہت اہمیت حاصل ہے۔ گیا میں ہر سال اشون کے مہینے میں پترو پاکشا میلے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس دوران، ملک بھر سے عقیدت مند گیا آتے ہیں اور اپنے آباؤ اجداد کی روح کی سکون کے لیے پنڈ دان کی رسم ادا کرتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
