حیدرآباد، 11 نومبر (ہ س)۔ مشہور تیلگو فلم اداکار چندر موہن (82) کا ہفتہ کو حیدرآباد کے اپولو اسپتال میں علاج کے دوران انتقال ہوگیا۔ چندرموہن کی بیوی جالندھرا اور دو بیٹیاں ہیں۔
چندر موہن کی جسد خاکی کو فلم نگر میں ان کی رہائش گاہ پر لایا گیا ہے۔ چندرموہن کے بھتیجے کرشنا پرساد نے میڈیا کو بتایا کہ چندر موہن کی آخری رسومات ان کی چھوٹی بیٹی متھرا میناکشی کی امریکہ سے آمد کے بعد پیر کی سہ پہر حیدرآباد میں ادا کی جائیں گی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق چندر موہن دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔ انہیں آج صبح 8 بجے اپولو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
23 مئی 1943 کو کرشنا ضلع کے پامیڈیموکا میں پیدا ہوئے چندراموہن کا اصل نام مالم پلی چندر شیکھر راؤ تھا۔ انہوں نے اپنی بیچلر کی ڈگری باپٹلا زرعی کالج سے حاصل کی۔ انہوں نے 1966 میں فلم رنگولا رتنم میں مرکزی کردار ادا کیا۔ کئی تامل فلموں میں بھی کام کیا۔ انہوں نے بطور اداکار مختلف کردار ادا کیے ہیں۔
انہیں اپنی اداکاری پر فلم فیئر اور نندی ایوارڈز ملے۔ انہیں فلموں ‘پداھاریلا ویاسو’ اور ‘سری سری مووا’ کے لیے بہترین اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ ملا۔ 1987 میں انہیں فلم ‘چنداما راوے’ کے لیے بہترین کامیڈین کا نندی ایوارڈ ملا اور 2005 میں انھیں فلم ‘اتھانوکڑے’ کے لیے بہترین معاون اداکار کا نندی ایوارڈ ملا۔
ہندوستھان سماچار
