پٹنہ، 23 نومبر(ہ س)۔
پٹنہ میں ایک ادھیڑ عمر مرد اور عورت کو ناجائز تعلقات پر گولی مار کر قتل کر دیا گیا ۔ یہ پورا واقعہ راجدھانی سے متصل پالی گنج سب ڈویزن کے کھریمور تھانہ علاقہ کابتایا جا رہا ہے۔تھانہ علاقہ کے مداری پور فتح پور سڑک کے کنارے واقع کھیت سے دونوں کی لاش ملی ہے۔ لاش ملنے کی اطلاع گاؤں والوں نے پولیس کو دی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پالی گنج کے ڈی ایس پی پریتم کمار اپنی ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچے اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ جس کے بعد دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے پالی گنج سب ڈویزنل اسپتال بھیج دیا گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے تین کھوکھا اور ایک گولی کا پلیٹ بھی برآمد کی ہے۔
مقتول کی شناخت غوث گنج رہائشی ر اجندر یادو کے طور پر ہوئی ہے۔ جبکہ مقتولہ خاتون کی شناخت مہیش پور گاؤں رہائشی شردھا دیوی کے طور پر کی گئی ہے۔ دو افراد کے قتل اور ان کی لاشیں ملنے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ موقع پر لوگوں کا ہجوم جمع ہوگیا۔
گاؤں والوں کے مطابق راجندر یادو اپنی بیوی کی موت کے بعد دوسری شادی شدہ خاتون سے رابطے میں تھا۔ لوگوں نے یہ بھی بتایا کہ راجندر یادو کے ایک خاتون سے نہیں بلکہ کئی خواتین سے ناجائز تعلقات تھے۔ وہ یہ سب اپنی بیوی کی موت کے بعد کرتا تھا جس کی وجہ سے اس کے اپنے بچے اس کے ساتھ نہیں رہتے تھے۔
گاؤں والوں نے یہ بھی بتایا کہ شردھا دیوی شادی شدہ تھی ، اس کا شوہر نابینا تھا ، جس کی وجہ سے خاتون کا راجندر یادو سے بھی رابطہ تھا۔ قتل کی وجہ ناجائز تعلقات بتائی جاتی ہے تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ قتل کس نے کیا۔ فی الحال پولیس نے پورے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔
ہندوستھان سماچار/ افضل
/عطاءاللہ
