بھوپال، 15 اگست (ہ س)۔ راجدھانی بھوپال کے بلکھیریا تھانہ علاقے میں جمعرات کی دیر رات اسکوٹر پر سوار نامعلوم بدمعاشوں نے پیدل چل رہے بی ٹیک کے طالب علم پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ زخمی نوجوان کی جمعہ کی صبح اسپتال میں علاج کے دوران موت ہوگئی۔ پولیس کو شبہ ہے کہ حملہ لوٹ کی نیت سے کیا گیا۔ بلکھریا پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ جمعہ کی دوپہر پوسٹ مارٹم کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کر دی گئی۔
معلومات کے مطابق نتیش چندرونشی (22) اصل میں گاؤں موسی دیہی چھندواڑہ کا رہنے والا تھا۔ وہ پرشانت نامی دوست کے ساتھ بھوپال کے کوکتا نمبر ایک میں گزشتہ تین سالوں سے کرائے کے مکان میں رہ رہا تھا۔ متوفی نتیش رائسین روڈ پر واقع ایک پرائیویٹ کالج سے بی ٹیک تھرڈ ایئر کی تعلیم حاصل کر رہا تھا۔ پڑھائی کے ساتھ ساتھ یوزاکی نامی وائر کمپنی میں بھی کام کرتا تھا۔ جمعرات کی رات ساڑھے گیارہ بجے ہر روز کی طرح کمپنی کی بس نے انہیں گھر سے چار سو میٹر دور مین روڈ پر اتار دیا۔ وہ یہاں سے پیدل گھر آ رہا تھا۔ اس دوران نامعلوم شخص نے اسے پیچھے سے چاقو مار دیا۔ چاقو مارے جانے کے بعد نتیش نے خون آلود حالت میں اپنے دوست پرشانت کو فون کیا اور فوری مدد کی درخواست کی۔ اس نے پرشانت کو بتایا کہ ایکٹیوا پر سوار دو نامعلوم نوجوانوں نے اسے پیچھے سے چاقو مارا اور فرار ہوگئے۔ اس کا ان سے کوئی جھگڑا نہیں تھا۔ اس کی کسی اور سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔
پرشانت کو شبہ ہے کہ حملہ لوٹ کی نیت سے کیا گیا ہو گا۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ نتیش کا موبائل اور دیگر سامان غائب نہیں ہوا ہے۔ متوفی کے بیانات قلمبند نہیں ہوسکے تھے۔ ٹی آئی امیش چوہان نے بتایا کہ نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ کی جارہی ہے۔ قتل کی وجہ سامنے نہیں آئی ہے۔ مقتول کی پیٹھ اور کمر پر چاقو کے دو گہرے زخم ہیں۔
ہندوستھان سماچار
—————
ہندوستان سماچار / انظر حسن
