نئی دہلی، 6 فروری (ہ س)۔ دارالحکومت دہلی کے مختلف علاقوں میں دو نوجوانوں کو چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔ پہلا واقعہ جنوب مغربی دہلی کے وسنت وہار تھانہ علاقہ کا ہے اور دوسرا واقعہ مغربی دہلی کے پنجابی باغ تھانہ علاقہ کا ہے۔ دونوں واقعات میں چاقو کے وار سے قتل کیا گیا۔ دونوں واقعات میں مقتول کی شناخت ہو گئی ہے تاہم قتل کرنے والا ملزم فرار ہے۔
وسنت وہار تھانہ علاقے میں پیش آئے قتل کے معاملے میں ڈی سی پی روہت مینا نے بتایا کہ منگل کی صبح 6 بجے پی سی آر کال موصول ہوئی۔ کسم پور پہاڑی علاقے میں ایک شخص کی لاش پڑی ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے لیا۔ تفتیش کے بعد متوفی کی شناخت اشونی کے طور پر ہوئی جو کسم پور پہاڑی علاقہ کا رہنے والا نکلا۔ فی الحال پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
پنجابی باغ میں قتل کے معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے ڈی سی پی وچتر ویر نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 30 سالہ مونو کے طور پر کی گئی ہے۔ وہ بیرونی دہلی کے منگول پوری علاقے کا رہنے والا تھا۔ وہ پنجابی باغ کے علاقے مادی پور میں جوتے بنانے والی فیکٹری میں کام کرتا تھا۔ اتوار کی رات اس پر چاقو سے حملہ کر کے زخمی کر دیا گیا۔ انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔ پولیس نے اس معاملے میں آئی پی سی کی دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ اس کیس کو حل کرنے کے لیے پنجابی باغ تھانے کے علاوہ اسپیشل اسٹاف کی ایک ٹیم بھی تعینات کی گئی ہے۔
