نالندہ، 18 مارچ ۔
بہار کے نالندہ میں ایک صحافی کو گولی مارنے کا واقعہ سامنے آیا ہے ۔ بدمعاشوں نے صحافی کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔ جسے تشویشناک حالت میں علاج کے لیے صدر اسپتال بہارشریف لایا گیا۔ جہاں سے ابتدائی طبی علاج کے بعد انہیں بہتر علاج کے لیے پٹنہ ایمس ریفر کر دیا گیا ہے۔
واقعہ کی اطلاع ضلع میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ ضلع کے صحافیوں سمیت درجنوں افراد تھانہ پہنچ کر پولیس سے کارروائی کا مطالبہ کیا۔ واقعہ کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ ایک ٹی وی چینل کے سابق صحافی دیپک وشوکرما اپنی اہلیہ کے ساتھ بائک پر راجگیر سے بہارشریف گھر لوٹ رہے تھے۔ اس دوران بدمعاشوں نے واردات کو انجام دیا۔
اہل خانہ کے مطابق مجرم پہلے سے گھات لگائے بیٹھے تھے۔ دیپ نگر تھانہ علاقہ کے پیپادتل چوک کے قریب بائک پر سوار نامعلوم بدمعاشوں نے صحافی جوڑے کی گاڑی کو اوورٹیک کیا اور انہیں روک کر گولی مار دی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ضلع کے اعلیٰ حکام زخمی صحافی کی خیریت دریافت کرنے اسپتال پہنچے۔ ایس پی نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہے۔
